ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 130؍امیدواروں پر مشتمل کانگریس کی پہلی فہرست تیار پارٹی کے موجودہ اراکین اسمبلی اور جے ڈی ایس سے مستعفی اراکین کوٹکٹ دیاجانا طے ہے

130؍امیدواروں پر مشتمل کانگریس کی پہلی فہرست تیار پارٹی کے موجودہ اراکین اسمبلی اور جے ڈی ایس سے مستعفی اراکین کوٹکٹ دیاجانا طے ہے

Tue, 27 Mar 2018 11:03:28    S.O. News Service

بنگلورو،26؍مارچ(ایس او نیوز) کرناٹک میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ذریعہ حکمران کانگریس واپس اقتدار پر لوٹ آنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ ریاست کے تمام 224؍اسمبلی حلقوں کے لئے امیدواروں کا انتخاب کرنے کی کسرت شروع ہوچکی ہے۔ پارٹی کے موجودہ اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دیا جانا یقینی ہے۔ پچھلے اسمبلی انتخابات میں جن حلقوں میں کانگریس امیدوار ہارے تھے ان حلقوں کے لئے امیدواروں کا انتخاب کرنے میں کانگریس کو دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ ان حلقوں سے پچھلے دنوں کئے گئے سروے اور مقامی لیڈروں کی رپورٹ کی بنیاد پر امیدواروں کی فہرست تیار کی جارہی ہے۔ جن حلقوں میں آزاد امیدوار طاقتور ہیں اور جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور حال ہی میں مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور اس وقت اپنے حلقوں سے اسمبلی میں نمائندگی کررہے ہیں ایسے امیدواروں کو بھی پارٹی ٹکٹ دیا جانا تقریباً طے ہے۔ لیکن تمام امیدواروں کے انتخاب کا حتمی فیصلہ پارٹی ہائی کمان ہی کرے گا۔ آج شہر کی مضافات میں ایک نجی ریسارٹ میں منعقدہ انتخابی کمیٹی کے اجلاس میں ریاست میں کانگریس کے انچارج کے سی وینوگوپال، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور، وزیراعلیٰ سدارامیا کے پی سی سی مہم کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار، کارگزار صدور دنیش گنڈوراؤ، ایس آر پاٹل، سینئر لیڈران بی کے ہری پرساد، کے ایچ منی اپا، ایم ویرپا موئیلی کے علاوہ انتخابی کمیٹی کے 35 سے زیادہ اراکین نے آج دوسری مرتبہ اجلاس میں شرکت کرکے 130؍ امیدواروں کی فہرست تیارکرلی ہے۔ موجودہ اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دیا جانا یقینی نظر آرہاہے۔ 

عمررسیدہ لیڈروں کو ٹکٹ: اس مرتبہ عمر رسیدہ اور بیمار لیڈروں، فوجداری معاملات میں جن لیڈروں پر الزامات لگے ہیں ایسے لیڈروں کو پارٹی ٹکٹ دینا چاہئے یا نہیں اس موضوع پر آج کے اجلاس میں کافی بحث ومباحثہ ہونے کی اطلاع ہے۔ اطلاع ملی ہے کہ اس پہلی فہرست میں پارٹی کے موجودہ اراکین اسمبلی، جے ڈی ایس چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے والے لیڈروں اور پچھلے انتخابات میں بہت کم فرق سے ہارنے والے امیدواروں کو ٹکٹ دینے کا پارٹی نے فیصلہ کیاہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس لیڈر مدھو سدھن مستری کی قیادت میں انتخابی کمیٹی نے اس فہرست کا از سر نو جائزہ لینے کے بعد یہ پہلی فہرست رواں مہینہ کے آخر تک پارٹی ہائی کمان کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس فہرست پر کانگریس ہائی کمان حتمی فیصلہ کرے گا۔ کہاجارہاہے کہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں 130؍امیدواروں پر مشتمل فہرست جاری کرنے کا کانگریس نے فیصلہ کرلیاہے۔ کہاجارہاہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے سے قبل اگر کانگریس نے پہلی فہرست جاری کردی تو اس فہرست میں منتخب امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں تشہیر شروع کرسکتے ہیں۔ اگر بروقت امیدواروں کی فہرست جاری ہوجائے تو کوئی الجھن پیدا نہیں ہوگی۔ رواں ماہ 16؍مارچ کو انتخابی کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب کیاگیا تھا۔ انتخابی کمیٹی نے آج دوسری بار اجلاس طلب کرکے 130؍ امیدواروں کی فہرست کوحتمی شکل دی ہے۔


Share: